ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک بھر میں ہجوم کی غنڈہ گردی کے خلاف بیک وقت کامیاب احتجاج

ملک بھر میں ہجوم کی غنڈہ گردی کے خلاف بیک وقت کامیاب احتجاج

Sun, 27 Aug 2017 15:11:37    S.O. News Service

منگلورو،27؍اگست (ایس او نیوز) پورے ملک میں اقلیتوں اور خاص کرکے مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف ہورہی ہجوم کی غنڈہ گردی کی مخالفت میں جمعہ کے دن بیک وقت ملک گیر پیمانے پر انسانی زنجیر کا احتجاجی پروگرام "گھر سے باہر نکلو"کے عنوان سے منعقد کیا گیا۔

ضلع جنوبی کینرا میں بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر احتجاج ہوا اور یہاں توقع سے زیادہ بڑی تعداد میں لوگوں نے اس مظاہرے میں شرکت کی۔ضلع بھر کی مساجد کے احاطے میں، ریاستی اور نیشنل ہائی ویز پراور شہر کے عوامی مقامات پربیک وقت20منٹ کے لئے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے انسانی زنجیر بنا کر ہجوم کے ہاتھوں ہونے والی قتل و غارت گری کے خلاف آواز بلند کی گئی اور انسانی جان و مال کا احترام و تحفظ کرنے کا پیغام دیا گیا۔انسانیت کے نام پر متحد ہونے اور بھارت کو "لینچستان"بننے سے روکنے کے لئے امن پسند عوام کو آگے بڑھنے کی دعوت دی گئی۔اس کے علاوہ گائے کے نام پر ہورہی سیاست کو لگام دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔احتجاج میں شامل کچھ لوگوں نے حالیہ دنوں میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والوں کے چہروں کا نقاب اوڑھ کر یہ مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف ہو اور ناحق قتل کی کڑی سزا قاتلوں کو دی جائے۔

ایک رپورٹ کے مطابق کسی ایک ادارے یا پارٹی کے بینر تلے منعقد نہ ہونے کے باوجود منصوبہ بند طریقے سے ضلع جنوبی کینرا کے 43مقامات پرسماج کے ہر طبقے کی طرف سے ہزاروں افراد نے اس مظاہرے میں شرکت کی ۔


Share: